نئی دہلی23اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر خارجہ سشما سوراج نے سعودی عرب میں ملازمت گنوا چکے ہندوستانی کارکنوں سے 25ستمبر تک لوٹنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ادا نہیں کئے گئے بقایہ جات کا دعوی آپ آجروں کے پاس دائر کریں اور 25ستمبر سے پہلے گھر واپس آ جائیں۔انہوں نے کہا کہ جو ہندوستانی ملازمین 25ستمبر تک واپس نہیں لوٹیں گے، انہیں وہاں اپنے قیام، کھانے اور واپس آنے کا انتظام خود کرنا ہوگا۔سوراج نے ایک کے بعد ایک ٹویٹ کرکے کہا کہ جنرل وی کے سنگھ سعودی عرب میں ہندوستانی کارکنوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے دو بار وہاں گئے تھے،وہ سعودی عرب سے واپس لوٹ آئے ہیں،جو مزدور کمپنیاں بند ہونے کی وجہ سے نکال دئے گئے ہیں، ان کو میرا یہ مشورہ ہے کہ وہ اپنااپنا دعوی درج کروا کر ہندوستان لوٹ آئیں۔سعودی حکومت جب ان کمپنیوں کے ساتھ فیصلہ کرے گی تو آپ کو دعوی کی رقم بھی دلوائیں گے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں ملازمت چلے جانے سے تقریبا 10ہزارہندوستانی مشکل میں گھرے تھے۔خلیجی ممالک میں آئی مندی کی وجہ سے بے روزگار ہوئے ان لوگوں کو مہینوں سے تنخواہ نہیں ملی، اور کئی کو کھانے تک کے لالے تھے۔اس خبر کے بعد ہندوستان کی حکومت حرکت میں آئی اور ہندوستانی کی مدد کے لئے بیرون ملک وزیر مملکت وی کے سنگھ کو وہاں بھیجا گیا۔ہندوستانی حکومت کی مداخلت کے بعد سعودی انتظامیہ نے بھی ہند وستانی مزدوروں کی مدد کا یقین دلایا،تاہم اس کے باوجود اب بھی ہزاروں کی تعداد میں ہندوستانی مزدور وہیں موجود ہیں۔